مسلم لیگ (ن )کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی پالیسی پر چلتے ہوئے مودی مقبوضہ کشمیر کو غزہ بنانے کی کوشش کررہا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت اب سب سے بڑی جمہوریت نہیں، مسلمان اور دیگر اقلیتوں کی سب سے بڑی قتل گاہ بن چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی پالیسی پر چلتے ہوئے نریندر مودی مقبوضہ کشمیرکو، فلسطین اور غزہ بنانے کی کوشش کررہا ہے۔عرفان صدیقی نے کہا کہ پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی دینے والے بھارت کو معلوم ہونا چاہئیے کہ ہمارے دریائوں کا گلا گھوٹنے کے لئے کسی رکاوٹ، کسی ڈیم پر لگنے والی پہلی اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا- اس کا رد عمل وہی ہوگا جو کسی اعلان جنگ کاہونا چاہئیے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی