i پاکستان

اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ بارش، موسم سہانا ہو گیاتازترین

July 12, 2024

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے ساتھ کہیں موسلادھار اور کہیں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کے بعد موسم سہانا ہو گیا،بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کوہ سلیمان کے قبائلی علاقے راکھی گاج میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پنجاب سے بلوچستان جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی، این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھروں میں نکاسی آب یقینی بنائیں اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کریں، کسی بھی بلاک شدہ نالوں یا ممکنہ خطرات کا موجب بننے والے عمل کی اطلاع مقامی حکام کو فوری طور پر دیں۔ جمعہ کو پنجاب کے مختلف شہروں میں علی الصبح تیز ہوا کیساتھ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی، صوبائی دارالحکومت لاہور میں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹان، گلبرگ، گارڈن ٹان سمیت دیگر مقامات پر بادل برسے۔ اٹک، ٹیکسلا، چونیاں، منچن آباد، گوجرانوالہ، نارووال، گجرات، قصور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش ہوئی، بارش کے باعث گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوش گوار ہو گیا، موسم ٹھنڈا ہونے سے شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے، قصور،رینالہ خورداور پاکپتن میں جل تھل ایک ہوگیا، بعض مقامات پر بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش ہوئی جبکہ راولپنڈی میں بادل برسنے کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی، بارش کے بعد جڑواں شہروں کا موسم خوشگوار ہو گیا جس کے ساتھ ہی شہریوں نے بھی گرمی سے چھٹکارا پانے پر سکھ کا سانس لیا۔ ادھر کراچی میں بھی بادلوں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی جبکہ کلفٹن، ڈی ایچ اے اور کورنگی میں رم جھم سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

ڈیرہ غازی خان میں کوہ سلیمان کے قبائلی علاقے راکھی گاج میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی، دس کلومیٹر کے علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پنجاب سے بلوچستان جانے والی ٹریفک معطل ہوگئی۔ این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگلے 3 دنوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، ممکنہ طور پر بارش 50-100 ملی میٹر سے زائد ہو سکتی ہے جو مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق بارش کی وجہ سے ملک کے شہری علاقوں گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے جبکہ گلیات، کشمیر، کوہستان، مانسہرہ اور مری میں لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹیز اور مقامی انتظامیہ کو چوکس رہنے اور خطرے سے دو چار آبادی کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھروں میں نکاسی آب یقینی بنائیں اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کریں، کسی بھی بلاک شدہ نالوں یا ممکنہ خطرات کا موجب بننے والے عمل کی اطلاع مقامی حکام کو فوری طور پر دیں۔ این ڈی ایم اے نے مسافروں اور سیاحوں پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار علاقوں میں سفر کرتے ہوئے احتیاط کی جائے، بروقت ڈیزاسٹر الرٹس، گائیڈ لائنز اور احتیاطی تدابیر کیلئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ ڈان لوڈ کریں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی