i پاکستان

اسدقیصر کے ترقیاتی منصوبے پر تنقید پی ٹی آئی کے باغی رہنما کیخلاف مقدمہ درج ، گرفتار کر لیا گیاتازترین

March 29, 2025

پی ٹی آئی ضلع صوابی کے سابق جنرل سیکرٹری اور پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن چیلنج کرنے والے یوسف علی کو سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ناقص ترقیاتی پروجیکٹ کے خلاف ویڈیو بنانے پر مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا۔ تحریک انصاف کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے یوسف علی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے خیبر پختون خواحکومت اور پی ٹی آئی کے جعلی لیڈروں کی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوسف علی کو سچ بولنے پر سزا دی جا رہی ہے۔ یہ پی ٹی آئی کی خود ساختہ قیادت کا اصل چہرہ ہے جو ملک میں آئین، جمہوریت اور بولنے کی آزادی کے لیکچر دیتی ہے اور خیبرپختونخوا میں سچ بولنے والوں پر مقدمے درج کر رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یوسف علی نے ضلع صوابی میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ترقیاتی فنڈز میں سے بنائے گئے ایک پل کے حوالے سے گزشتہ روز ایک ویڈیو بیان جاری کیا تھا جس میں اس ناقص منصوبے کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا گیا تھا۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد خیبر پختون خوا پولیس نے ضلع صوابی میں یوسف علی کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کر لیا۔ یوسف علی کے قریبی دوستوں کے مطابق یوسف علی کو جمعہ کو گرفتار کیاگیا۔ یوسف علی پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن چیلنج کرنے والے پارٹی فاونڈر گروپ کا بھی حصہ ہیں۔ وہ طویل عرصے سے پارٹی پالیسیوں اور اسد قیصر سمیت دیگر رہنماں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے آ رہے ہیں۔2013 میں یوسف علی پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر صوابی سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن بھی لڑ چکے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی