i پاکستان

ارشد شریف کی والدہ کا بیٹے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے عدالت سے رجوعتازترین

November 04, 2022

مرحوم ارشد شریف کی والدہ بیٹے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ فراہم نہ کرنے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئیں۔ معروف اینکر اور سینئر صحافی ارشد شریف کی والدہ نے بیٹے کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔ ارشد شریف کی والدہ نے بطور پٹشنر بائیو میٹرک تصدیق کرائی، اور عدالت میں اپنی درخواست جمع کرائی۔ درخواست میں موقف پیش کیا گیا ہے کہ 3 نومبر کو ارشد شریف کی فیملی کے فوکل پرسن نے انتظامیہ سے رپورٹ مانگی، انتظامیہ نے جواب دیا، پوسٹمارٹم رپورٹ ان کے پاس نہیں، پولیس کے پاس ہے، پولیس کے پاس گئے تو انتظامیہ سے رابطے کیلئے کہا گیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پمز انتظامیہ رپورٹ کے حوالے سے نہ انکار کرتی ہے نہ رپورٹ فراہم کرتی ہے، پمز اور لوکل انتظامیہ نے ارشد شریف فیملی کو اندھیرے میں رکھا ہوا ہے، مشکل وقت میں ارشد شریف کی فیملی کی تذلیل کی جا رہی ہے۔ درخواست میں استدعا کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ شک ہے کہ حقائق مسخ کرنے کیلئے پوسٹ مارٹم رپورٹ میں رد وبدل کیا جا سکتا ہے، تمام عمل شفاف بنانے کیلئے ارشد شریف فیملی کو ہر لمحہ آگاہ رکھا جائے۔ ارشد شریف کی والدہ نے عدالت سے آج ہی درخواست پر سماعت کی درخواست کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ کسی تھرڈ پارٹی کی مداخلت کے بغیر پورا عمل آگے بڑھانے کی ہدایت کی جائے، اور ارشد شریف فیملی کے فوکل پرسن کو پورے عمل میں شامل کیا جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی