احتساب عدالت نے 3 ارب 20 کروڑ روپے کے جعلی پنشن اسکینڈل میں تین ملزمان کی 50 ، 50 لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی۔ کراچی کی احتساب عدالت میں 3 ارب 20 کروڑ روپے کے جعلی پنشن اسکینڈل میں ملوث ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ نیب حکام نے مقف پیش کیا کہ ریفرنس میں سابق ڈپٹی سیکریٹری فنانس عامر ضیا اسران سمیت 84 ملزمان نامزد ہیں، ملزمان پر حیدرآباد ٹریژری میں جعلی پنشن اسکینڈل میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ احتساب عدالت نے 3 ارب 20 کروڑ روپے کے جعلی پنشن اسکینڈل میں تین ملزمان اعجازعلی ڈاوچ، ماجدعلی اور اظہرحسین کی 50، 50 لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے تینوں ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ریفرنس کا فیصلہ ہونے تک ملزمان کے پاسپورٹ عدالت میں جمع رہیں گے، نیب چاہے تو ملزمان کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست دائر کر سکتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی