الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں عام انتخابات کی تاریخ کے لئے دونوں صوبوں کے گورنرز کو خط لکھ دیے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عام انتخاب کے لئے پنجاب میں 9 اپریل سے 13 اپریل کی تاریخ مقرر کی جائے۔ گورنر خیبرپختونخوا غلام علی کو بھیجے گئے مراسلے میں الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صوبے میں عام انتخابات کے لئے 15 سے 17 اپریل کی تاریخ مقرر کریں۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آئین کے مطابق گورنر اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد 90 دن میں الیکشن کے انعقاد کی تاریخ دینے کا پابند ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی کے 90 روز 14 جنوری سے شروع ہوتے ہیں، 13 اپریل کے بعد پنجاب میں پولنگ کی تاریخ نہیں رکھی جا سکتی، اسی طرح خیبرپختونخوا کی اسمبلی کے 90 روز 18 جنوری سے شروع ہوتے ہیں اور 17 اپریل کے بعد پولنگ کی تاریخ نہیں رکھی جا سکتی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی