i پاکستان

امپورٹڈ حکومت معیشت کے چیلنجز اور دہشتگردی سے نمٹنے میں ناکام رہی، عمران خانتازترین

December 19, 2022

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت معیشت کے چیلنجز اور دہشتگردی سے نمٹنے میں ناکام رہی، انتخابات سیاسی استحکام کے ذریعے معیشت کو مستحکم کرنے کا واحد راستہ ہے۔ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ معیشت زمین پر لانے کے علاوہ امپورٹڈ حکومت دہشتگردی سے نمٹنے میں ناکام رہی، چمن سے سوات، لکی مروت سے بنوں تک دہشتگردی میں 50 فیصد اضافہ ہوا، حکومت پاک افغان سرحد سے ہونے والے حملوں سے نمٹنے میں بھی ناکام رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سپاہی، پولیس اور مقامی لوگ روزانہ جانوں کے نذرانے دے رہے ہیں، دہشتگردی کے بڑھتے خطرات اور مغربی سرحد پار سے حملوں کا حکومت ذکر تک نہیں کر رہی، ان سب کی دلچسپی صرف این آر او ٹو میں ہے۔ سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کی زبوں حالی کے باوجود یہ انتخابات کے انعقاد سے گھبرا رہے ہیں، انتخابات ہی سیاسی استحکام کے ذریعے معیشت کو مستحکم کرنے کا واحد راستہ ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی