i پاکستان

الشفاء ٹرسٹ حویلی لکھا میں ہسپتال تعمیر کرے گاتازترین

April 16, 2024

الشفاء ٹرسٹ آئی ہاسپٹل کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان نے کہا ہے کہ حویلی لکھا اوکاڑہ میں آنکھوں کا ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے جس سے مقامی افراد کو علاج معالجہ کی جدید ترین سہولیات میسر ہو جائیں گی۔ اس ہسپتال سے دیپال پور، پاکپتن، ساہیوال اور بہاولنگر کے رہنے والوں کو فائدہ پہنچے گا۔ جنرل رحمت خان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ڈاکٹر نے شہر کے قریب دو ایکڑ زمین عطیہ کی ہے اور وہ اس پر ہسپتال کی تعمیر کے اخراجات بھی برداشت کریں گے جبکہ الشفاء ٹرسٹ دیگر تمام اخراجات اٹھائے گااور یہ ہسپتال اسی سال آپریشنل ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس ہسپتال سے جنوبی پنجاب کے افراد کو بہتر علاج معالجے کی سہولت ملے گی تاہم عوام کو درپیش بینائی کے مسائل کی شدت سے نمٹنے کے لئے ملتان میں ہر قسم کے ساز و سامان سے آراستہ ایک جدید ترین ہسپتال کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر برگیڈئیر ارشد محمود نے ٹرسٹ کے توسیعی منصوبے کے بارے میں بتایا کہ چکوال آئی ہاسپٹل کا توسیعی بلاک اگلے ماہ سے کام شروع کر دے گا جس کے لئے ایک فیملی نے پندرہ کروڑ روپے کا عطیہ دیا ہے جو لائق تحسین ہے۔ انھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں آغہ خان ہاسپٹل کے قریب بائیس کروڑ روپے کی لاگت سے ایک جدید ترین آئی ہاسپٹل قائم کیا جا رہا ہے جس میں نصف اخراجات روپالی فائونڈیشن اٹھائے گی۔ اسکے علاوہ کوئٹہ میں بھی صوبائی حکومت کی مدد سے زمین کے حصول کے بعد ایک جدید ہسپتال قائم کیا جائے گا تاہم ہسپتال کے قیام سے قبل صوبہ بھر میں آئی کیمپس کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ الشفاء آئی ٹرسٹ اسی فیصد مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولت مفت فراہم کر رہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی