لاہور ہائیکورٹ الیکشن ٹریبونل نے حلقہ این اے 127 سے لیگی امیدوار عطا تارڑ کی کامیابی کیخلاف انتخابی عذرداری پر سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ میں قائم الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس انوار حسین نے این اے 127 سے پی ٹی آئی کے ناکام امیدوار ظہیر عباس کھوکھر کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سپریم کورٹ نے ہمیں بطور الیکشن ٹریبونلز کام کرنے سے روک رکھا ہے، جب تک سپریم کورٹ کا حتمی فیصلہ نہیں آتا الیکشن پٹیشن پر سماعت نہیں ہو سکتی۔ بعدازاں الیکشن ٹریبونل نے حلقہ این اے 127 سے عطا تارڑ کی کامیابی کیخلاف انتخابی عذرداری پر سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ناکام امیدوار ظہیر عباس کھوکھر کی انتخابی عذرداری پر الیکشن ٹریبونل نے وفاقی وزیر عطا تارڑ اور الیکشن کمیشن کو اصل فارم 45 اور 47 جمع کرانے کا حکم دے رکھا ہے، ٹریبونل نے عطا تارڑ کو بیان حلفی بھی جمع کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو بھی متعلقہ دستاویزات بیان حلفی کیساتھ جمع کرانے کا حکم دے رکھا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی