i پاکستان

عمران خان کی ناراضی سے بچنے کیلئے بیان بازی سے اجتناب کیا، شیر افضل مروتتازترین

May 22, 2024

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان کی ناراضی سے بچنے کے لیے بیان بازی سے اجتناب کیا ہے،عمران خان سے ملاقات ہوگی تو تمام چیزیں کلئیر ہوجائیں گی۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ نگران حکومت کے دوران مجھ پر دو درجنوں سے زائد کیسز درج ہوئے اور یہ تمام کیسز ہائی کورٹ میں چیلنج کیے گئے جس کے بعد عدالت نے میری گرفتاری روک دی ہے، جب کہ ان میں سے بیشتر کیسز ختم ہوگئے ہیں، تاہم کچھ ابھی بھی رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے دو کیسز (سائفر اور عدت نکاح) رہتے ہیں، اب دیکھنا ہے کہ ان کی رہائی کب ہوگی، القادر ٹرسٹ میں بانی چیئرمین کو سزا ہوتی ہے تو یہ سیاسی انتقام ہوگا، جب کہ یہ اسی طرح کیسز بناتے رہیں گے اور سزائیں دیتے رہیں، پھر اس کا حل احتجاج ہی ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں شیر افضل مروت نے کہا کہ میں کسی کے ساتھ اختلاف نہیں رکھتا لیکن لوگ مجھے نہیں چھوڑتے، جب کہ میرے بیان پر بانی چیئرمین ناراض ہوگئے جس پر میں نے بیان بازی سے اجتناب کا اعلان کیا ہے اور عمران خان سے ملاقات ہوگی تو تمام چیزیں کلئیر ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پارٹی سے نکالا، پولیٹکل کمیٹی سے نکالا، باقی کسی چیز سے نکالنا ہے تو بھی نکال لیں لیکن میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہوں، اور ہمیشہ رہوں گا، جب کہ شوکاز سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا اور میں کسی کے خلاف سازش کرنا والا نہیں ہوں۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ وفاق، خیبرپختونخوا حکومت کو ناکام بنانا چاہتی ہے، صوبے کو رائیلٹی نہیں مل رہی ہے، وفاق کو چاہیئے کہ بلاامتیاز تمام صوبوں کا حق دیں۔ خیال رہے کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں شیر افضل مروت سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا کہ شیر افضل مروت نے پارٹی کے لیے زبردست کام کیا مگر سیاسی جماعت میں دائرے کے اندر رہ کر کام کرنا ہوتا ہے لیکن وہ ہر دوسرے دن کسی نہ کسی پارٹی لیڈر پر چڑھائی کر دیتا تھا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ سعودی وفد کے دورہ کے موقع پر شیر افضل مروت نے متنازع بیان دیا جبکہ محمد بن سلمان نے میرے کہنے پر 2 مرتبہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کانفرنس کروائی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی