i پاکستان

عمران خان کی نااہلی کیخلاف پٹیشن واپس لینے کی درخواست پر عدالت کا فریقین کو جواب جمعتازترین

January 25, 2023

توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی نااہلی کیخلاف پٹیشن واپس لینے کی درخواست پر عدالت نے فریقین کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی نااہلی کیخلاف پٹیشن واپس لینے کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر سے استفسار کیا کہ لاہور ہائی کورٹ میں معاملہ زیر التوا ہونے پر آپ یہاں سے واپس لینا چاہتے ہیں، اسلام آباد نہیں آتا چاہتے کہ یہاں ٹھنڈ پڑ رہی ہے، لاہور میں بھی کافی دھند ہے بلکہ اسموگ ہے، یہاں بارش بھی ہو رہی ہے، موسم ٹھیک ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق کی جانب سے انگلش فلم ڈیول ایڈووکیٹ کے آخری ڈائیلاگ کا بھی تذکرہ کیا گیا۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا اگر آپ اس کیس کو رکھنا چاہتے ہیں تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، دو مختلف شہریوں نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کیں۔ چیف جسٹس نے کہا درخواست گزار نے کیا کیا وہ ہمیں بتائیں، کیا آپ نے بھی یہاں کے بعد وہاں درخواست دائر کی۔ بیرسٹرعلی ظفر نے کہا ہمیں وہاں درخواستوں میں فریق بنایا گیا اور نوٹسز جاری کئے گئے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا ہر کسی کا حق ہے کہ وہ جہاں جانا چاہے، درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کر کے ساتھ قانونی نتائج بھی لکھ دیتے ہیں، جو بھی قانونی نتائج ہوں گے وہ پھر لاہور ہائی کورٹ بھی دیکھ لے گا۔ عدالت نے عمران خان کی نااہلی کیخلاف درخواست پر فریقین کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی