وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ، شراب برآمدگی کیس کے تمام گواہان پر جرح مکمل ہوگئی۔ اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال نے مقدمے کی سماعت کی، علی امین گنڈاپور کے وکیل ظہورالحسن، پراسیکیوٹر خیام عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت کیس کے آخری گواہ یونس کی وڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں حاضری لگا کر جرح مکمل کرلی گئی۔ علی امین کی گاڑی سے برآمد بوتل بھی بطور ثبوت عدالت پیش کی گئی، گواہ یونس نے بوتل کی بطور ثبوت ریکارڈ کا حصہ بنانے کی تصدیق کردی۔ بعد ازاں وکیل ظہورالحسن نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے لیے سوالنامہ مہیہ کردیں، جج نے ریمارکس دیے کہ سوالنامہ جمع کرواتے وقت علی امین گنڈاپور کا کمرہ عدالت میں ہونا لازمی ہے، اب علی امین نے کب آنا ہے ضلعی کچہری؟ وکیل نے جواب دیا میں آپ کو بتا دیتا ہوں، کل تک سوالنامہ مہیہ کردیں، جج صہیب بلال نے ریمارکس دیے کہ کل تک سوالنامہ دے دیا جائیگا، آئندہ تاریخ بھی بتا دی جائے گی۔ بعد ازاں عدالت نے علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحہ، شراب برآمدگی کیس کی سماعت (آج) ہفتہ تک ملتوی کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی