i پاکستان

علی امین کیخلاف اسلحہ، شراب برآمدگی کیس کی سماعت 17مئی تک ملتویتازترین

May 04, 2024

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وزیرِ اعلی خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحے اور مبینہ شراب کی برآمدگی کے کیس کی سماعت 17مئی تک ملتوی کردی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھا نے تھانہ بہارہ کہو میں درج مقدمہ کی سماعت کی۔ علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن عدالت پیش ہوئے، ملزم کے 342 بیان کیلئے سوالنامہ فراہم نہ کیاجاسکا۔ عدالت نے کہاکہ آئندہ دو سے تین دن میں 342 کے بیان کے لیے سوالنامہ فراہم کردیا جائے گا ، عدالت نے کیس کی سماعت 17 مئی تک کیلئے ملتوی کردی۔ گزشتہ روز عدالت میں وزیرِ اعلی خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلحے اور مبینہ شراب کی برآمدگی کے کیس میں تمام گواہان پر جرح مکمل کر لی گئی تھی ۔ واضح رہے کہ علی امین گنڈا پور پر اکتوبر 2016 میں بنی گالہ سے گاڑی سے شراب اور اسلحہ برآمد ہونے کا مقدمہ درج ہوا تھا۔ علی امین گنڈا پور نے دعوی کیا تھا کہ وہ شہد لے جا رہے تھے جسے پولیس نے ضبط کر لیا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی