i پاکستان

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غریب عوام کو ریلیف ملنا چاہیے،رانا زمان سعیدتازترین

May 20, 2024

پاکستان جمہوری لیگ کے سربراہ رانا زمان سعید نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غریب عوام کو ریلیف ملنا چاہیے،نواز شریف دوسروں کو الزام دینے کی بجائے اپنے ماضی پر نظر دوڑائیں کہ وہ سیاست میں کس طرح آئے تھے ،وفاق اور پنجاب میں آج بھی (ن) کو انہی طاقتوں نے مسند اقتدار پر بٹھایا جو نواز شریف کا ہد ف تنقید ہیں،برطانیہ اور یو اے ای میں پاکستانیوں کی جائیدادیں اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ لوگ پاکستان سے لوٹ مار کر کے بیرون ملک کا رخ کرتے ہیں،اتوار کو صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے رانا زمان سعید نے کہا کہ مانگے تانگے کی حکومت کو چاہیے کہ وہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میںغریب عوام کو ریلیف دے کیونکہ آج پاکستان کے عوام دو قت کی روٹی کے لئے پریشان ہیں،انہوں نے کہا کہ نواز شریف کس منہ سے دوسروں پر الزام لگا رہے ہیں کہ انہوں نے اسٹئیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر ان کی حکومت کا خاتمہ کیا حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ نواز شریف کی سیاست میں انٹری سمیت تمام ادوار میں اقتدار کا حصول بھی انہوں طاقتوں کی مرہون منت رہا ہے جن پر آج وہ الزامات عائد کر رہے ہیں اور اس کی سب سے بڑی مثال وفاق اور پنجاب کی موجودہ حکومتیں ہیں جو الیکشن نتائج کے برعکس نواز شریف کے بھائی اور صاحبزادی کے سپرد کی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی مثال ایسے ہی ہے جیسے مچھلی پانی کے باہر زندہ نہیں رہ سکتی تو یہ بھی اقتدار کے بغیر نہیں رہ سکتے،بھائی اور بیٹی کی حکومت ہونے کے باوجود نواز شریف چاہتے ہیں کہ وہ بھی ملک کے وسائل کو لوٹنے کے لئے کسی سرکاری منصب پر فائز ہو جائیں،انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اشرافیہ ملک کے ساتھ مخلص نہیں، لوٹ مار اور چوریاں پاکستان میں کرتے ہیں اور جب یہ اربوں روپے کے مالک بن جاتے ہیں تو بیرون ملک سرمایہ کاری شروع کر کے بزنس مین کہلانا شروع کر دیتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی