محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی اضلاع میں بادل برسنے کا امکان ہے جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے،خیبر پختونخوا میں موسم خشک اور جنوبی اضلاع میں دن کے اوقات میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے کئی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، کراچی میں بدھ تک ہیٹ ویو کا امکان ہے، درجہ حرارت 40 ڈگری سے اوپر جا سکتا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کردیا گیا ۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دوسری طرف ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ ادھرفضائی معیار سے متعلق ایئر کوالٹی انڈیکس(اے کیو آئی) کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہواں کی سمت میں تبدیلی کی وجہ سے کراچی کا فضائی معیار مضر صحت قرار دیا گیا ہے۔اے کیو آئی کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر ہے جبکہ شہر میں آلودہ ذرات کی مقدار 159 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات اور ماہرین صحت نے شہریوں کو سخت ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر سورج کی براہ راست تپش سے بچیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور دھوپ میں سر کو ڈھانپ کر رکھیں۔ مٹھی اور نواب شاہ میں سب سے زیادہ گرمی پڑی، پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاپہنچا، حیدرآباد اور دادو میں 41 سکھر میں 40 اور ٹھٹھہ میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ کی گرمی نے ستایا۔پنجاب میں بھی سورج آنکھیں دکھارہا ہے، ڈیرہ غازی خان میں پارہ 40 ، لاہور اور ملتان میں 39 ڈگری کی گرمی سے لوگ نڈھال ہوگئے۔ فیصل آباد اور سرگودھا میں درجہ حرارت 38 سینٹی گریڈ تک پہنچا، بلوچستان میں بھی گرمی کی لہربرقرار ہے، سبی اور گوادر میں درجہ حرارت 38 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ ،پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں رات بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری ہو رہی ہے، اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی، آزاد کشمیر اور غذر میں برف باری ہوئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی