i پاکستان

اعظم سواتی کے بیٹے نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ پر عدم اعتماد کا خط واپس لے لیاتازترین

January 02, 2023

تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کے بیٹے نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ پر عدم اعتماد کا خط باضابطہ طور پر واپس لے لیا، عدالت عالیہ نے موقف سننے کے بعد پی ٹی آئی رہنما کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔پیر کواسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے اعظم سواتی کے خلاف متنازع ٹویٹ کیس میں درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ بابر اعوان نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ اعظم سواتی کے بیٹے عدالت کے سامنے اپنا موقف رکھنا چاہتے ہیں۔ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ خط آجاتا ہے کہ جج جانبدار ہے، اس قسم کے خطوط عدالت عمومی طور پر نہیں دیکھتی، اس معاملے کو ہمیشہ کے لیے طے کرنا چاہتے ہیں، اس پر لارجر بینچ تشکیل دیں گے۔ بابر اعوان نے موقف اختیار کیا کہ عدالت آج ہی اس معاملے کو دیکھ لے۔

جواب میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ لارجر بینچ کی تشکیل ممکن نہیں، سینئر جج ہمارے چھٹی پر ہیں،آئندہ ہفتے لارجر بینچ بنا دیتے ہیں۔ اسی دوران بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ انہوں نے اپنے موکل کو کہا ہے کہ خط واپس لے لیں۔ جس پر اعظم سواتی کے بیٹے نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ پر عدم اعتماد کا خط واپس لے لیا۔ بعد ازاں بابر اعوان نے اعظم سواتی پر کیس کے خلاف اپنے دلائل پیش کئے۔ بابر اعوان نے کہا کہ میں نے کبھی ایسی ایف آئی آر نہیں دیکھی جس میں وقت اور جائے وقوعہ ہی بیان نہ کیا گیا ہو۔ سندھ اور بلوچستان کی ہائی کورٹس نے اعظم سواتی کے خلاف مقدمے ختم کر دیے۔ اعظم سواتی کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل کے خلاف جب ایف آئی آر ہی ٹھیک نہیں تو غیر جانبدار ٹرائل کیسے ہوگا۔ عدالت عالیہ نے موقف سننے کے بعد پی ٹی آئی رہنما کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی