ا قوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے عالمی برادری کی ذمے داری ہے کہ وہ پاکستان کی بھرپور مدد کرے ، عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو قرضوں میں چھوٹ دیں، دنیا موسمیاتی جہنم کی شاہراہ پر ہے اور ہمارا پیر ایکسلیریٹر پر ہے ،موسمیاتی تبدیلی ناقابل قبول اور غیر معمولی ہے،اسے پس پشت ڈالنا خود کو شکست دینے جیسا ہے۔ مصر میں جاری موسمیاتی سربراہی اجلاس کوپ 27 میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا تیزی سے موسماتی تبدیلی کے اس مقام کی طرف بڑھ رہی ہے جہاں سے واپس پلٹنا نا ممکن ہو جائے گا۔ انہوں نے اجلاس میں موجود سربراہان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت موسمیاتی تبدیلی ایک مختلف ٹائم لائن اور پیمانے پر ہے۔ یہ ہمارے دور کے مسئلے کو واضح کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی ناقابل قبول اور غیر معمولی ہے۔ اسے پس پشت ڈالنا خود کو شکست دینے جیسا ہے۔ سیکرٹری جنرل یو این نے عالمی رہنماوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کو عالمی حدت کے خلاف جنگ میں مل کر کام کرنے یا اجتماعی خودکشی میں سے کسی ایک کے سخت انتخاب کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سب کے لیے ہدف قابل تجدید اور سستی توانائی فراہم کرنا ہونا چاہیے۔ انہوں نے امریکہ اور چین سے خاص طور پر اس کی رہنمائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ اخلاقی طور پر لازم ہے کہ زیادہ آلودگی پھیلانے والے ممالک کمزور ممالک کی مدد کریں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی