نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کے لیے اپنی غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے، عالمی برادری کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے ۔نائب وزیر اعظم نے کثیرالجہتی اور سفارت کاری برائے امن کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کثیرالجہتی، جامع مذاکرات اور اقوام متحدہ کے چارٹر کا احترام عالمی امن اور استحکام کی بنیاد ہیں۔ اسحاق ڈار نے زور دیا کہ غزہ کی تباہ کن انسانی صورتحال اور بھارت کے غیر قانونی قبضے کے شکار مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاکھوں افراد کی مشکلات دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہیں۔اس موقع پر نائب وزیراعظم نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا جائز حق، یعنی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ کثیرالجہتی اور ڈپلومیسی برائے امن کا عالمی دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ طویل تنازعات کے حل کے لیے عالمی سطح پر مشترکہ اور مخلص کوششوں کی فوری ضرورت ہے۔اسحاق ڈار نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے تمام پلیٹ فارمز پر دیرپا امن، پائیدار ترقی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا تعمیری اور فعال کردار ادا کرتا رہے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی