اینٹی نارکوٹکس فورس نے مختلف کارروائیاں میں کروڑوں روپے کی منشیات برآمد کرکے متعدد افراد کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے مطابق مختلف کارروائیوں میں 8 کروڑ 72 لاکھ روپے مالیت سے زائد کی 208.643 کلو گرام منشیات برآمد کر لی گئی۔کراچی پورٹ سے دبئی جانے والی کھیپ میں مصالحے کے پیکٹس سے 164.160 کلو آئس برآمد ہوئی جبکہ کوئٹہ میں کورئیر آفس میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارس سے ایک کلو ہیروئن برآمد کی گئی۔
پشاور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے مسافر کے سامان میں موجود سلائی مشین میں چھپائی گئی 1.887 کلو آئس برآمد کی گئی۔ترجمان کے مطابق راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں ایک کارروائی میں دوحا بھیجے جانے والے پارسل سے 2 عدد کمپیوٹر ٹیبل میں چھپائی گئی 996 گرام آئس برآمد ہوئی۔ ملتان روڈ لاہور پر بس ٹرمینل کے قریب مسافر کے ٹرالی بیگ سے 30 کلو چرس برآمد ہوئی۔ حیدرآباد میں جامشورو کے قریب بس میں سوار ملزم سے 5 کلو چرس اورایک کلو آئس برآمد کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی