i پاکستان

9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنانے پر مسلم لیگ ن کے اوسان خطا ہوگئے،بیرسٹر سیفتازترین

July 30, 2024

مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنانے پر مسلم لیگ ن کے اوسان خطا ہوگئے۔ اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام پر لیگی رہنماوں بالخصوص مریم نواز کی چیخیں نکل رہی ہیں، لیگی رہنما جوڈیشل کمیشن پر بے جا تنقید کر رہے ہیں، بے جا تنقید کا مطلب ہے کہ دال میں کچھ کالا نہیں بلکہ پوری دال کالی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی جعلی حکومت خود بھی جوڈیشل کمیشن بنانے کے لئے تیار نہیں اور صوبے کے جوڈیشل کمیشن پر بھی تنقید کر رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے پہلے دن ہی کہا تھا کہ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جواز بنا کر سرکار نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی بھی ناکام کوشش کی، مخصوص نشستوں کے کیس کی طرح پی ٹی آئی 9 مئی کیسز میں بھی سرخرو ہوگی، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن رپورٹ مسلم لیگ ن کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ فارم 47 کی جعلی حکومت کا پی ٹی آئی کے خلاف ہر حربہ ناکام ہوگیا ہے، جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کے بعد جعلی حکومت کو ایک ایک زیادتی کا حساب دینا ہوگا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی