رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویشناک اطلاعات سامنے آ رہی ہیں ، اس کے باوجود معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں جو مزید سوالات کو جنم دیتی ہیں۔ ایکس پر اپنے بیان میں شیر افضل مروت نے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو گزشتہ 105 دنوں سے اہلِخانہ، وکلا اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، اختلافِ رائے یا سیاسی مخالفت کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ بنیادی انسانی حقوق معطل کر دئیے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ قیدیوں سے ملاقات، علاج اور معلومات تک رسائی کوئی رعایت نہیں بلکہ آئینی حق ہے۔ اس طرزِ عمل سے نہ صرف انصاف کے تقاضے مجروح ہو رہے ہیں بلکہ ریاستی نظام پر عوام کا اعتماد بھی کمزور پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذمہ دار اداروں سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر ملاقاتوں کی اجازت دی جائے، صحت کے حوالے سے حقائق سامنے لائے جائیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی