i پاکستان

قومی اسمبلی،سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کو وفاقی وزیر کے برابر تنخواہ اور مراعات حاصل،ماہانہ تنخواہ 5 لاکھ 19 ہزار روپے ہے،رپورٹتازترین

January 28, 2026

فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن )نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کو وفاقی وزیر کے برابر تنخواہ اور مراعات حاصل ہیں، اپوزیشن لیڈر کی ماہانہ تنخواہ 5 لاکھ 19 ہزار روپے ہے۔ اس کے علاوہ ایک مرتبہ آلات الائونس 5 ہزار روپے، سپلیمنٹری الانس 6 ہزار روپے ماہانہ اور یوٹیلیٹی الانس 22 ہزار روپے ماہانہ اپوزیشن لیڈر کو ملے گا۔فافن کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کی کی مراعات سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی قائدِ حزبِ اختلاف کی تعیناتی کر دی گئی ہے، علامہ راجہ ناصر عباس سینیٹ جبکہ محمود خان اچکزئی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قائدِ حزبِ اختلاف کو وفاقی وزیر کے برابر تنخواہ اور مراعات حاصل ہیں۔ قائدِ حزبِ اختلاف کا کردار آئینی تقرریوں میں بھی اہم ہے اور انہیں ایوان میں اظہارِ خیال کے لیے ترجیح دی جاتی ہے۔فافن کی رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر کی ماہانہ تنخواہ 5 لاکھ 19 ہزار روپے ہے۔

اس کے علاوہ ایک مرتبہ آلات الانس 5 ہزار روپے، سپلیمنٹری الانس 6 ہزار روپے ماہانہ اور یوٹیلیٹی الانس 22 ہزار روپے ماہانہ اپوزیشن لیڈر کو ملے گا۔رپورٹ کے مطابق رہائش اور ٹرانسپورٹ اپوزیشن لیڈر کو سرکاری دی جائے گی۔ اپوزیشن لیڈر کو فرنشڈ سرکاری رہائش ملے گی، اور سرکاری رہائش نہ لینے پر 1 لاکھ 3 ہزار 125 روپے ماہانہ کرایہ دیا جائے گا جبکہ سرکاری گاڑی بھی اپوزیشن لیڈر کو دی جائے گی، جس کی دیکھ بھال حکومت کے ذمے ہوگی۔فافن رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر کو دستیابی کی صورت میں پاک فضائیہ یا حکومت کا ہیلی کاپٹر یا جہاز استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔ سفر کے دوران 4,050 روپے روزانہ الانس ہوگا، جبکہ سرکاری قیام کے دوران 4 ہزار روپے یومیہ الانس ہوگا۔رپورٹ کے مطابق اپوزیشن لیڈر اپنے ساتھ ایک پرائیویٹ سیکرٹری، ایک پرسنل اسسٹنٹ، ایک سٹینوگرافر، ایک قاصد اور ایک نائب قاصد رکھ سکتے ہیں۔ رہائش پر سرکاری ٹیلی فون بھی موجود ہوگا، جس پر اندرونِ ملک کالز مفت ہوں گی۔ اپوزیشن لیڈر کو علاج کی سہولت ہوگی اور رہائش پر طبی سہولیات میسر ہوں گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی