لیبر فورس سروے کے مطابق پاکستان میں نوجوانوں ) 15 سے 24 سال) کی لیبر فورس میں شمولیت 2024-25 میں بڑھ کر 45.4 فیصد ہو گئی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نوجوانوں میں روزگار اور بیروزگاری کی صورتحال میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس کے 37ویں لیبر فورس سروے میں نوجوانوں کی شمولیت، روزگار، بیروزگاری، ہنر مندی کی تعلیم اور آبادی سے متعلق تفصیلات شامل ہیں۔سروے کے مطابق نوجوانوں کی لیبر فورس میں شمولیت 2020-21 میں 43.8 فیصد تھی جو اب بڑھ کر 45.4 فیصد ہوگئی ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 15 سے 24 سال عمر کے 46.3 ملین نوجوان موجود ہیں جو ملک کی کل آبادی کا 18.5 فیصد بنتے ہیں۔ نوجوانوں کی یہ بڑی تعداد ملک کی لیبر مارکیٹ پر براہِ راست اثر ڈال رہی ہے۔سروے بتاتا ہے کہ نوجوانوں میں روزگار بڑھا ہے۔2020-21 میں نوجوانوں کا روزگار کی شرح 38.9فیصدتھی، جو 2024-25 میں 39.7فیصد ہوگئی ہے۔نئے عالمی معیار کے مطابق یہ شرح 38.6فیصد بنتی ہے۔اگرچہ زیادہ نوجوان لیبر مارکیٹ میں شامل ہو رہے ہیں لیکن ان میں بیروزگاری کی شرح اب بھی ملک کی مجموعی بیروزگاری سے زیادہ ہے۔2020-21 میں نوجوانوں کی بیروزگاری 11.1فیصد تھی جو 2024-25 میں بڑھ کر 12.6فیصد ہوگئی۔نئے عالمی معیار کے مطابق نوجوانوں میں بیروزگاری 12.9فیصد ہے۔15 سے 29 سال کے نوجوانوں میں بیروزگاری بھی 10.3 سے بڑھ کر 11.5فیصد ہوگئی ہے۔
نوجوان مردوں میں بیروزگاری 10 سے بڑھ کر 12.3فیصد ہوگئی۔نوجوان خواتین میں بیروزگاری 14.4 سے کم ہو کر 13.3فیصد ہوئی۔نئے معیار کے مطابق نوجوان مردوں میں بیروزگاری 12.5 اور خواتین میں 14فیصد ہے۔سروے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بہت سے نوجوان ابھی بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ کچھ نوجوان پڑھائی اور کام دونوں کرتے ہیں۔سروے میں یہ بھی شامل ہے کہ کتنے نوجوانوں نے ہنر مندی یا تکنیکی تعلیم حاصل کی، کس قسم کی ٹریننگ لی اور کتنی مدت میں مکمل کی۔ یہ معلومات بتاتی ہیں کہ ہنرمندی نوجوانوں کے روزگار میں اہم کردار ادا کرتی ہے، نوجوان جو نہ پڑھتے ہیں نہ ٹریننگ لیتے ہیں سے متعلق معلومات بھی رپورٹ میں شامل ہیں، تاکہ نوجوانوں کی مجموعی سرگرمیوں کا اندازہ ہو سکے۔تمام اعداد و شمار دونوں طریقوں کے مطابق جاری کیے گئے ہیں تاکہ پچھلے سروے سے موازنہ ممکن ہو۔یہ سروے 53,974 گھروں سے حاصل کیے گئے ڈیٹا پر مشتمل ہے اور آبادی کے اندازے مردم شماری 2023 کی بنیاد پر لگائے گئے ہیں۔لیبر فورس سروے 2024-25 یہ ظاہر کرتا ہے کہ نوجوانوں کی لیبر فورس میں شمولیت، روزگار اور بیروزگاری تینوں میں اضافہ ہوا ہے جو ملک کی لیبر مارکیٹ میں نوجوانوں کے کردار کی مکمل تصویر پیش کرتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک