آسٹریلوی ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان پیٹ کمنز نے انکشاف کیا ہے کہ مصروف ترین 18 ماہ کے شیڈول میں زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے کی خواہش ہی ان کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے دستبردار ہونے کی بڑی وجہ بنی ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق پیٹ کمنز نے کہا کہ میں خود کو ٹھیک محسوس کر رہا ہوں لیکن ورلڈکپ کیلئے نہ جانا واقعی بدقسمتی کی بات ہے، ہمیں اندازہ تھا کہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے بعد 4 سے 8 ہفتے درکار ہوں گے لیکن تازہ اسکین کے بعد ڈاکٹروں نے مزید وقت کا مشورہ دیا۔کمر کی انجری کے شکار پیٹ کمنز نے کہا کہ اگست سے شروع ہونے والا آسٹریلیا کا شیڈول غیر معمولی حد تک سخت ہے جس میں بنگلا دیش کے خلاف ہوم ٹیسٹ، جنوبی افریقا کا دورہ، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز اور پھر 2027 میں بھارت کا 5 ٹیسٹ کے لیے دورہ، ایشز، ون ڈے ورلڈکپ اور ممکنہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نہیں چاہتا تھا آنے والے 18 مہینوں میں انجری کے پیچھے بھاگتا رہوں اور اگر ابھی احتیاط نہ کی تو بعد میں مسائل بڑھ سکتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی