تھر کی لوک گلوکارہ مائی ڈھائی نے نیویارک ٹائم اسکوائر پرجگہ بنا لی۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسپاٹی فائے نے اپنے آفیشل پیج پر مائی ڈھائی کی ٹائم اسکوائر پر جلوے بکھیرتے تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ کوئل جیسی آواز پہنچی سیدھا ٹائم اسکوائر، اس کے ساتھ ہی سبز دل والے ایموجی کا بھی اضافہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ ان کے گانے ایکول پاکستان پر سنے جاسکتے ہیں۔واضح رہے کہ اسپاٹی فائے کے ایکول پاکستان پروگرام نے 80 سالہ ممتاز علاقائی کلاسیکل گلوکارہ مائی ڈھائی کو ماہ جون کے لیے ایکول پاکستان کا ایمبیسڈر مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔سندھ کے شہر تھرپارکر سے تعلق رکھنے والی مائی ڈھائی نے نہ صرف ایکول پاکستان کی پہلی علاقائی ایمبیسڈر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے بلکہ وہ نیویارک کے مشہور ٹائمز اسکوائر پر بھی جلوہ گر ہونے والی سال 2024 کی پہلی گلوکارہ بھی بن گئی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی