پاکستان کی تین بہنوں نے پاور لفٹنگ میں نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک ہی ایونٹ میں مختلف ویٹ کیٹگریز میں چار چار گولڈ میڈلز جیت لیے۔جنوبی افریقا میں جاری ایونٹ میں ٹوئنکل سہیل 84کے جی کلاس میں ایکشن میں تھیں مکمل فٹ نہ ہونے کے باوجود ٹوئنکل سہیل نے بھی اپنی کلاس میں کلین سوئپ کیا اور چاروں گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔انہوں نے سکواٹ، بنچ پریس، ڈیڈ لفٹ اور اوور آل ٹوٹل میں گولڈ میڈلز اپنے نام کیے۔اس سے پہلے ان کی بہنوں ویرونیکا سہیل اور سیبل سہیل نے بھی اپنی اپنی ویٹ کیٹگری میں چار چار گولڈ میڈلز جیتے۔یہ پہلا موقع ہے کہ پاور لفٹنگ کے کسی بین الاقوامی ایونٹ میں تین بہنوں نے ایک ساتھ گولڈ میڈلز جیتے، تینوں بہنیں اب 13جولائی کو ایکوئپڈ ایونٹ میں ایکشن میں ہوں گی۔صوبائی وزیر کھیل پنجاب فیصل کھوکھر نے سہیل سسٹرز کو مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ تین بہنوں نے تاریخ رقم کر کے ملک و قوم کا نام روشن کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سپورٹس بورڈ پنجاب نے تینوں بہنوں کو ایونٹ کے لیے ایئر ٹکٹس کے لیے 20لاکھ روپے اور یونیفارم فراہم کیے تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی