سری لنکا اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا اور آخری میچ بدھ کے روز(آج) آرپریماداسا سٹیڈیم کولمبو میں کھیلا جائیگا۔ اس سے قبل میزبان آئی لینڈرز نے مہمان بھارتی ٹیم کو دوسرے ون ڈے میچ میں 32رنز سے شکست دی تھی ،دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا میچ ٹائی ہوگیا تھا۔یوں سری لنکن ٹیم کو بھارتی ٹیم کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 0-1کی برتری حاصل ہے،بھارتی کرکٹ ٹیم ان دنوں سری لنکا میں ہے جہاں وہ اپنے دورے میں میزبان ٹیم کے خلاف 3ٹی ٹونٹی اور 3ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ 3ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں بھارتی ٹیم نے آئی لینڈرز کو 0-3سے وائٹ واش کر دیا تھا۔دونوں ٹیموں کے تینوں ٹی ٹونٹی میچز پالے کیلی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم پالے کیلی میں ہی کھیلے گئے ،اس کے بعد بھارتی ٹیم 3ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے دو میچز کھیل چکی ہے۔ تیسرا اور آخری ون ڈے میچ آج کھیلاجائے گا۔دونوں ٹیموں کے تینوں ایک روزہ میچز آر پریما داسا سٹیڈیم کولمبو میں ہی کھیلے جائیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی