جارح مزاج وقومی بیٹر فخرزمان نے سلیکٹرز کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر ریٹائرمنٹ پر غور شروع کردیا ہے ۔ذ رائع کے مطابق فخرزمان کو جنوری میں ایک بار پھر فٹنس ٹیسٹ دینے کا کہا گیا ہے، اس حوالے سے بھی دہرے معیار سامنے آ ئے ہیں ۔ عثمان خان 2 کلومیٹر دوڑ کے تیسرے رانڈ میں ہی رک گئے تھے مگر نہ صرف معاہدہ ملا بلکہ اسکواڈ کا بھی حصہ بن گئے۔ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے گذشتہ روز سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کی جو فہرست جاری کی اس میں فخر زمان کا نام شامل نہیں ہے، گذشتہ برس انھیں بی کیٹیگری میں رکھا گیا تھا، دورئہ آسٹریلیا اور زمبابوے کے اسکواڈز میں بھی فخر زمان موجود نہیں ۔ گذشتہ دنوں انھیں فٹنس ٹیسٹ کیلیے مدعو کیا گیا تھا لیکن وہ 8 منٹ میں 2 کلومیٹر دوڑ مکمل نہ کر پائے، ان کے گھٹنے میں کوئی مسئلہ ہے لیکن وہ میچ فٹ ہیں، اسی ٹیسٹ کو بنیاد بنا کر انھیں ڈراپ کر دیا گیا۔بعض حلقوں کے مطابق فخر کے ساتھ اس رویے کی وجہ کنیکشن کیمپ میں ان کی بے لاگ گفتگو اور بابر اعظم کے حق میں ٹویٹ کو بھی قرار دے رہے ہیں۔ فخر زمان کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ حالیہ صورتحال سے وہ سخت ناخوش ہیں، وہ سمجھتے ہیں کہ ہمیشہ ملک کیلیے کھیلے اور کبھی ریکارڈز کو ترجیح نہ دی لیکن اس کا یہ صلہ دیا جا رہا ہے، فخر زمان ریٹائرمنٹ پر بھی غور کر رہے ہیں لیکن ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی