بھارت کی واحد خاتون وزیر اعظم اور کانگریس رہنما اندرا گاندھی کی سیاست پر بنائی گئی بالی ووڈ فلم ایمرجنسی کو آئندہ ماہ ستمبر میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ایمرجنسی میں کنگنا رناوٹ نے اندرا گاندھی کا روپ دھارا ہے جو کہ رواں برس ہونے والے انتخابات میں رکن لوک سبھا بھی منتخب ہوئی ہیں۔فلم کی ہدایات بھی کنگنا رناوٹ نے دی ہے جب کہ اس میں مہیما چوہدری، شریاس تلپڑے، انوپم کھیر سمیت دیگر اداکار اہم کرداروں میں دکھائی دیں گے۔فلم میں اندرا گاندھی کی سیاست اور ان کی جانب سے بھارت میں نافذ کی گئی ایمرجنسی جیسے مسائل کو دکھایا جائے گا۔ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ بھارت امریکا سمیت دیگر بیرونی قوتوں کی مدد سے پاکستان سے جنگ اور کشیدگی بھی شروع کرتا ہے جب کہ ٹریلر میں اندرا گاندھی کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ڈھائے گئے مظالم کو بھی دکھایا گیا ہے۔فلم میں شملہ معاہدے سمیت خالصتان تحریک اور اندرا گاندھی کی جانب سے بھارت میں جمہوری اقدار کو مسخ کرنے کے اقدامات کو بھی دکھایا گیا ہے۔ٹریلر کو جاری کرتے ہوئے فلم کو زی اسٹوڈیو کے تحت 6 ستمبر کو سینمائوں میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی