i کھیل

سابق پریمیئر لیگ ڈیفنڈر ٹائٹس برامبل پاکستان فٹبال ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ مقررتازترین

September 17, 2026

سابق پریمیئر لیگ فٹبالر ٹائٹس برامبل کو پاکستان کی مینز سینئر قومی فٹبال ٹیم کا نیا اسسٹنٹ کوچ مقرر کردیا گیا۔پاکستان فٹبال فیڈریشن نے سوشل میڈیا پر برامبل کی تقرری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ انگلش فٹبال ٹیم کا قیمتی تجربہ پاکستانی ٹیم میں لائیں گے۔ ٹائٹس برامبل نے 2000 سے 2013 تک 13 سال پریمیئر لیگ میں فٹبال کھیلی اور 200 سے زائد میچز میں شرکت کی۔ انہوں نے اپنے پروفیشنل کیریئر کا آغاز اِپس وچ ٹان سے کیا، بعد ازاں نیو کاسل یونائیٹڈ کا حصہ بنے جہاں انہوں نے 5 سال کے دوران تمام مقابلوں میں 156 میچز کھیلے۔وہ بعد میں ویگن ایتھلیٹک اور پھر سنڈرلینڈ سے منسلک رہے۔ کھیل سے ریٹائرمنٹ سے قبل انہوں نے اسٹو مارکیٹ ٹان میں پلیئر کوچ کی ذمہ داری بھی سنبھالی جبکہ 2018 میں پروفیشنل فٹبال سے ریٹائر ہوگئے۔برامبل نے انگلینڈ کی انڈر 21 ٹیم کی جانب سے 10 میچز کھیلے، تاہم سینئر قومی ٹیم میں جگہ نہیں بنا سکے۔ کھیل سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے کئی سال اِپس وچ کی اکیڈمی میں کام کیا اور بعد ازاں دبئی میں کوچنگ سے وابستہ ہوگئے۔پاکستان فٹبال فیڈریشن کے مطابق برامبل ایسے وقت میں قومی ٹیم کا حصہ بنے ہیں جب پاکستان فیفا آسیان کپ اور مستقبل کے دیگر چیلنجز کی تیاری کر رہا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی