سسیکس اور انگلینڈ کے سابق فاسٹ بولر اور سسیکس کائو نٹی کرکٹ کلب کے چیف ایگزیکٹو ٹونی پگوٹ 67 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ٹونی پگوٹ نے 1978 میں نوعمری میں سسیکس کی جانب سے فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا اور اپنے کیریئر کے آغاز کو یادگار بناتے ہوئے ہوو میں سرے کے خلاف اپنی پہلی فرسٹ کلاس وکٹ کو ہیٹ ٹرک میں تبدیل کر دیا، حالانکہ اس سے قبل وہ دو میچز میں کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے تھے۔ان کا واحد ٹیسٹ میچ بھی غیر معمولی حالات میں کھیلا گیا۔ 1983-84 میں نیوزی لینڈ میں کلب کرکٹ کھیلتے ہوئے انہیں انگلینڈ کی ٹیم میں اس وقت شامل کیا گیا جب دورہ کرنے والی ٹیم شدید انجری مسائل کا شکار ہو گئی۔ اس میچ کے لیے انہیں اپنی شادی ملتوی کرنا پڑی جو اسی میچ کے بعد پیر کے روز طے تھی۔1994
میں پگوٹ نے سسیکس چھوڑ کر سرے جوائن کیا، تاہم کمر کی مسلسل تکالیف کے باعث وہ دو سال بعد کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد وہ دوبارہ سسیکس واپس آئے اور سیکنڈ ٹیم کے کوچ بنے۔ایک سال بعد کلب کے انتظامی ڈھانچے میں تبدیلی کے بعد انہیں چیف ایگزیکٹو مقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے سسیکس کو ترقی کی نئی راہ پر ڈالا۔ ان کے دور میں سسیکس مستقل فلڈ لائٹس لگانے والا پہلا کانٹی کلب بنا اور 2003 میں کلب نے اپنی تاریخ کی پہلی کانٹی چیمپئن شپ جیتی۔سسیکس کے 2003 کے چیمپئن کپتان کرس ایڈمز نے کلب کی ویب سائٹ پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ٹونی پگوٹ سسیکس کی تاریخ کی سب سے بڑی مثبت اور تبدیلی لانے والی شخصیات میں سے ایک تھے۔ ان کے مطابق پگوٹ نے نہ صرف کلب بلکہ ان کی ذاتی زندگی پر بھی گہرا مثبت اثر ڈالا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی