i کھیل

راشد لطیف کا ہائی پرفارمنس سینٹر کا دورہتازترین

October 01, 2026

پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر سابق کرکٹرز کے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے دوروں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ سابق کپتان راشد لطیف نے ہائی پرفارمنس سینٹر کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے انہیں مختلف شعبوں اور ٹریننگ سہولتوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔عاقب جاوید نے کہا ہے کہ سابق کرکٹرز کو ہائی پرفارمنس سینٹر بلانے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے، سب سے پہلے راشد لطیف یہاں آئے ہیں، ہر ہفتے ایک سابق کرکٹر کو ہائی پرفارمنس سینٹر بلایا جائے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ سابق کرکٹرز کو اکیڈمیز، ان کے طریقہ کار اور ٹریننگ کی سہولتوں سے آگاہ کرنا مقصد ہے، جبکہ ان سے فیڈ بیک اور بہتر مشورے بھی لیے جائیں گے، سابق کرکٹرز کی مشاورت سے کھلاڑیوں کو مزید بہتر انداز میں گروپ کرنے کا موقع ملے گا۔راشد لطیف نے کہا ہے کہ عاقب جاوید اور میں طویل عرصے تک ایک ساتھ کھیلتے رہے ہیں

میری دعوت پر ہائی پرفارمنس سینٹر کا دورہ کیا، نیشنل کرکٹ اکیڈمی میرے سامنے بنی اور میں یہاں ٹریننگ بھی کرتا رہا ہوں۔انہوں نے ایل سی سی اے گرانڈ میں سہولتوں کی بہتری کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسکوائر کی پچز میں اضافہ ہوا ہے اور سینٹر پچ پر بھی کھیلنے کی سہولت موجود ہے۔ بائیو مکینک لیب کو پاکستان کرکٹ کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ کوچز اور کھلاڑیوں کے لیے اس کا ہونا بہت ضروری ہے اور اس سے پاکستان کرکٹ میں بہتری آئے گی۔راشد لطیف نے جدید بولنگ مشین کی سہولت کو بھی سراہا اور کہا ہے کہ اس سے بیٹرز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔سابق کپتان نے کلب کرکٹ بحال کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول کرکٹ شروع ہو چکی ہے، تاہم کلب کرکٹ کا ہونا بھی بہت ضروری ہے، کلب کرکٹ پاکستان کرکٹ کو اوپر لے جانے کے لیے ایک بڑا ہتھیار ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی