پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) فرنچائزز کو ٹاپ غیر ملکی کرکٹرز کی دستیابی پر فکر لاحق ہو گئی۔تفصیل کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پی ایس ایل کو ترجیحی فہرست میں سب سے آخری نمبر پر رکھا ہوا ہے، کافی عرصے سے لیگ کے معاملات پر جمود طاری ہوچکا ہے تاہم اب سلمان نصیر کے سربراہ بننے سے فرنچائزز کچھ بہتری کی امید میں ہیں ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مالکان نے گزشتہ دنوں ایک مشترکہ خط کے ذریعے سلمان نصیر کو نئی ذمہ داری پر مبارکباد پیش کی، ان سے کہا گیا کہ تمام فرنچائزز ساتھ مل کر کام کرنے کیلیے پرعزم ہیں، انھیں غور طلب معاملات کا بھی یاد دلایا گیا، سلمان نصیر سے کہا گیا کہ انگلینڈ و دیگر کرکٹ بورڈز سے پلیئرز کی دستیابی کے حوالے سے بات کریں۔ واضح رہے کہ انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے گزشتہ دنوں اپنے ڈومیسٹک سیزن میں آئی پی ایل کے سوا دیگر لیگز میں پلیئرز کو شرکت کی اجازت نہ دینے کا عندیہ دیا تھا۔آئی پی ایل کی آکشن آئندہ ہفتے سعودی عرب میں ہونا ہے، کھلاڑیوں کی فہرست بھی سامنے آ چکی۔ بورڈ سے کہا گیا ہے کہ وہ پی ایس ایل ڈرافٹ کے حوالے سے بھی کام کرے۔ پی ایس ایل کا دسویں اور 11 ویں ایڈیشن کی تاریخیں فائنل کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔یاد رہے کہ چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی کے باعث دسویں ایڈیشن کا آئی پی ایل سے ٹکرا ہوگا۔اس دوران فرنچائزز نے پی ایس ایل کو الگ کمپنی بنانے کا وعدہ بھی یاد دلایا، ٹیموں کی ایولویشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی