معروف اداکارہ ماہرہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پاکستانی فلموں سے زیادہ ڈرامے پسند ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں اداکارہ سے پسندیدہ فلم کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے پوچھا گیا کہ ایسی کون سی فلم ہے جس کے ری میک میں کام کرنا چاہیں گی جس پر اداکارہ نے انکشاف کیا کہ وہ پاکستانی فلمیں نہیں دیکھتیں بلکہ فارغ وقت میں پاکستانی ڈراموں کو ترجیح دیتی ہیں۔ انہوں نے اپنے پسندیدہ پاکستانی ڈراموں کے بارے میں بتایا کہ مجھے کئی پاکستانی ڈرامے جیسے دھوپ کنارے، ان کہی اور داستان اور دام بہت زیادہ پسند ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ڈرامے کبھی پرانے نہیں ہوسکتے بلکہ انہیں کلاسک کہنا چاہیے۔اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم انڈسٹری میں کچھ الگ دکھانا چاہتے ہیں تو ہمیں نوجوان مصنف، ہدایت کار اور پروڈیوسرز کو موقع دینا ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی