آئرلینڈ کے کرکٹرز نے پاکستان کے خلاف سیریز سے قبل کرکٹ آئر لینڈ کی جانب سے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش مسترد کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق2024 کے سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش میں آئی سی سی فنڈنگ مارچ میں کلیئر ہونے کی وجہ سے تاخیر ہوئی جس کی وجہ سے آئر لینڈ کے کھلاڑی گزشتہ برس کے سینٹرل کنٹریکٹس کے مطابق کھیل رہے ہیں۔ آئرش کرکٹ یونین (کرکٹ آئر لینڈ)نے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کی پیشکش کی لیکن کرکٹرز نے اسے مسترد کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹرز معاوضوں میں اضافے اور دیگر مراعات کے خواہش مند ہیں اور آئرش کرکٹرز ایسوسی ایشن کھلاڑیوں کے طرف سے کرکٹ آئر لینڈ کے ساتھ بات چیت کررہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق کرکٹ آئر لینڈ کے اخراجات بڑھنے اور فنڈنگ میں تاخیر ہونے سے معاملات تعطل کا شکار رہے لیکن اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو کھلاڑیوں کو یکم مارچ سے نئے سینٹرل کنٹریکٹس ملیں گے۔یاد رہے آئر لینڈ ٹیم اور پاکستان کے مابین آج (جمعہ کو ) پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیلاجائے گا ، آئر لینڈ ٹیم پاکستان کے خلاف سیریز کے بعد نیدرلینڈز کا دورہ کرے گی اور سہ فریقی سیریز کے بعد ورلڈکپ کے لیے امریکا روانہ ہوگی۔ رپورٹس کے مطابق آئر لینڈ ویمن کرکٹ ٹیم نے تاحال سینٹرل کنٹریکٹس کے حوالے سے کوئی جواب نہیں دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی