پاکستان کیخلاف ٹی20 سیریز کے آغاز سے قبل کرکٹ آسٹریلیا نے پیٹ کمنز کی جگہ جوش انگلس کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کردیا۔آسٹریلیا کے وکٹ کیپر بیٹر جوش انگلس پاکستان کیخلاف آئندہ تین میچز پر مشتمل ٹی20 سیریز کیلئے وائٹ بال ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ آخری ون ڈے میں بھی ٹیم کی قیادت کے فرائض سرانجام دیں گے۔پاکستان کیخلاف جاری ون ڈے سیریز کے آخری میچ سے آسٹریلیا کے کئی سینئیر پلئیرز مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، مچل اسٹارک اور جوش ہیزل ووڈ کھیلنے سے محروم رہیں گے کیونکہ انہیں بھارت کیخلاف بارڈر گواسکر ٹرافی میں حصہ لینا ہے۔ نائب کپتان مچل مارش کی عدم دستیابی اور پیٹ کمنز کے بارڈر گواسکر ٹرافی میں شریک ہونے کی وجہ سے جوش انگلس کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جنہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں قیادت کی ذمہ داریاں ادا کرنے کا تجربہ ہے۔ سلیکشن کمیٹی کے سربراہ جارج بیلی نے کپتان کے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جوش انگلس ون ڈے اور ٹی20 اسکواڈ کے لازمی رکن ہیں انہیں آسٹریلیا اے سمیت ڈومیسٹک میں کپتانی کا تجربہ ہے۔ تاہم سینئیر پلئیرز کی عدم موجودگی کے باعث تیز گیند باز زاویئر بارٹلیٹ اور اسپینسر جانسن کو وکٹ کیپر بیٹر جوش فلپ کے ساتھ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی