i کھیل

پاکستان کی پہلی ویمن پروفیشنل ایم ایم اے فائٹر انیتا کریم مقابلے میں شرکت سے محروم رہ گئیںتازترین

January 27, 2026

ابوظہبی کا ویزا نہ ملنے کے باعث پاکستان میں خواتین کی پہلی پروفیشنل ویمنز ایم ایم اے فائٹر انیتا کریم مقابلے میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔انیتا کریم کی 31 جنوری کو ابو ظہبی میں ایم ایم اے فائٹ شیڈول تھی تاہم مقررہ مدت تک نہ پہنچنے کے باعث ایونٹ مینجمنٹ نے انیتا کریم کی جگہ دوسری فائٹر کو مدعو کر لیا۔انیتا کریم نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فائٹ کے لیے کئی ماہ محنت کی لیکن ویزا مسائل کے باعث فائٹ میں شرکت نہیں کر سکی۔انہوں نے کہا کہ تین ہفتوں کے اندر میری دوسری فائٹ شیڈول تھی، ویزا جیسے مسائل کھلاڑی کے کیریئر کو نقصان پہنچاتے ہیں، ایتھلیٹس کے ویزا مسائل کو سنجیدگی سے دیکھنا چاہیے۔

انیتا کریم کے منیجر یاسر مشتاق نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انیتا کریم فائٹ میں حصہ نہیں لے پائیں گی، ایونٹ کی انتظامیہ نے انیتا کریم کو ویزا سے متعلق ڈیڈ لائن دی تھی۔یاسر مشتاق کا کہنا تھا کہ ڈیڈ لائن سے قبل انیتا کریم کو ویزا جاری نہیں ہوا، ایونٹ انتظامیہ نے ایک ہفتہ انیتا کریم کے ویزے کے لیے انتظار بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ انیتا کریم کافی مایوس ہیں، ان کی اگلی فائٹ اپریل میں شیڈول ہے، محسن نقوی انیتا کریم کا ویزا مسئلہ حل کرائیں تاکہ پہلی پاکستانی خاتون ایم ایم اے فائٹر کا کیریئر محفوظ رہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی