i کھیل

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کا جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمامتازترین

August 06, 2026

پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے خیرسگالی اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لیے جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔جنوبی کوریا کی ٹیم جو کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام ایف آئی ایچ سے منظور شدہ انٹرنیشنل ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان کے دورے پر موجود ہے۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری برائے بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا کہ پی ایف ایف کی قیادت کا یہ اقدام انتہائی قابلِ تحسین ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان ایک کھیل دوست ملک ہے جو تمام کھیلوں کے کھلاڑیوں کو دل سے خوش آمدید کہتا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ملک کی دیگر اسپورٹس فیڈریشنز بھی پی ایف ایف کی پیروی کرتے ہوئے بہترین مہمان نوازی کی روایت برقرار رکھیں گی۔

پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم کو دورہ پاکستان کے دوران گرم جوشی سے خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے اور پاکستان نے اس میں بے پناہ کامیابیاں حاصل کی ہیں، اس کھیل نے ہمیں قومی ہیرو دیے ہیں جن سے سیکھتے ہوئے ہم ملک میں فٹ بال کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے خواہاں ہیں۔ پی ایف ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد نیاز کھوکھر نے انہی جذبات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری طرف سے یہ اس کھیل کے لیے ایک چھوٹی سی کاوش ہے جس نے پاکستان کو کھیلوں کی دنیا میں خوبصورت ترین لمحات دیے ہیں۔ ہم پی ایچ ایف کے ساتھ قریبی شراکت داری قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ دونوں فیڈریشنز اپنے اپنے کھیلوں کی بہتری کے لیے مل کر کام کر سکیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی