i کھیل

وسیم اکرم کا خراب کارکردگی پر قومی ٹیم میں تبدیلیوں کا مطالبہتازترین

June 11, 2024

ٹی20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف بدترین کارکردگی پر سابق کپتان وسیم اکرم نے ٹیم میں تبدیلیوں کا مطالبہ کردیا۔ قومی ٹیم کی کارکردگی پر وسیم اکرم نے بھارتی ٹی وی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ٹیم کو دشمن کی ضرورت نہیں ہے یہ خود ہی بہت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم ان کے منہ میں کیا چوسنی ڈالیں گے، ان کو بتائیں گے صورتحال کے بارے میں آگاہی کیا ہوتی ہے، یہ آٹھ سے 10 سال سے کھیل رہے ہیں کیا انہیں بابر اور کوچ بتائیں گے کیسے کھیلنا ہے۔انہوں نے وکٹ کیپر بلے باز رضوان کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کیا رضوان کو میں بتائوں گا کہ سب سے اہم بالر ایک اوور کے لیے آیا ہے تو وکٹ لینے آیا ہے تم اس کی گیند پر سنگل لے لو۔ وسیم اکرم نے ٹیم کی خراب اپروچ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے 10 اوورز کے بعد کوئی چوکا ہی نہیں مارا اور کوشش بھی نہیں کی، 120 رنز کے ہدف کا تعاقب بھی نہ کر سکے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اب شرمندگی محسوس ہونا شروع ہو گئی ہے، بطور پاکستانی میں پاکستانی ٹیم کو مکمل سراہنا چاہتا ہوں لیکن کسی چیز کی حد ہوتی ہے۔ملک کے موجودہ کرکٹ سیٹ اپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سابق کپتان نے مزید کہا کہ پچھلے ایک سال میں تین چیئرمین بدلے ہیں، ساتھ میں تین کوچ بدلے ہیں تو کھلاڑیوں کو پتا ہے ہم نے نہیں ہٹنا بلکہ یہ کوچ ہٹ جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی