انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ انڈور بالز چیمپیئن شپس میں اسرائیل کے کھلاڑیوں کی شرکت پر پابندی عائد کردی گئی، جس کے لیے فلسطین کے حامی گروپ کی جانب سے غزہ جنگ کی وجہ سے مہم چلائی گئی تھی۔الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ بالز ٹور نے بیان میں کہا کہ اگست میں اسکاٹش انٹرنیشنل اوپن میں اسرائیلی کھلاڑیوں کی شرکت پر سیاسی حوالوں سے کشیدگی پھیل گئی تھی۔بیان میں کہا گیا کہ صورت حال کی نوعیت کا ادراک کرتے ہوئے ورلڈ بالز ٹوربورڈ نے ٹورنامنٹ کے منتظمین اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ مشکل فیصلہ کیا کہ اسرائیل کو آنے والے ورلڈ انڈور چمپیئن شپ میں شرکت کے لیے دیا گیا دعوت نامہ واپس لیا جائے۔ورلڈ بالز ٹور نے کہا کہ یہ ایک ایسا کھیل ہے جو ہمیشہ لوگون کو متحد کرنے کا محرک رہا ہے اور اس فیصلے کا مقصد چیمپئن شپس کی حفاظت کرنے اور یہ یقینی بنانا ہے کہ اس میں حصہ لینے والے تمام افراد کے لیے ٹورنامنٹ بلاروک ٹوک جاری رہے۔دوسری جانب برطانیہ میں یہودیوں کی تنظیم نے اس فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے اس فیصلے کو اسرائیلی کھلاڑیوں کے خلاف امتیازی اقدام سے تعبیر کیا کیونکہ انہیں صرف ان کی شناخت کی بنیاد پر ٹورنامنٹ سے محروم کردیا گیا ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی