بالی ووڈ کے چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والدین، اداکار رشی کپور اور اداکارہ نیتو سنگھ کی مسلسل لڑائیوں نے اِنہیں شدید صدمہ پہنچایا، وہ ہمیشہ خوفزدہ رہتے تھے۔ ایک انٹرویو میں اداکار نے انکشاف کیا کہ جب میں بڑا ہو رہا تھا، اس دوران میری بڑی بہن ردھیما کپور بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنے گئی ہوئی تھیں، بڑی بہن کی غیر موجودگی اور گھر کی ہنگامہ خیز صورتحال نے مجھ میں وقت سے قبل ہی احساس ذمہ داری پیدا کر دی تھی۔رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ گھر میں ہر آسائش اور دولت ہونے کے باوجود میری پرورش بڑی اصول پسندی کے ساتھ کی گئی ہے، مجھے معلوم ہے کہ میرے والد تلخ مزاج لیکن اچھے آدمی تھے ۔ اداکار کا گھریلو ناچاقیوں سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے گھر میں مسلسل تنائو رہتا تھا، اس تنائو نے میرے لڑکپن اور جوانی کو بہت متاثر کیا ہے، مجھے گھر کی ہنگامہ خیز صورتحال نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، کبھی کبھار گھر کے منفی حالات کا میں خود کو ذمہ دار قرار دیتا تھا۔ رنبیر کے مطابق والدین کی لڑائی میرے لیے ڈر اور صدمے کا سبب بنتی تھی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی