کوک اسٹوڈیو پاکستان فیم بلوچی فوک گلوکار وہاب بگٹی اور سندھی لوک فنکارہ صاحبان کے بھارتی گلوکار و ریپر یو یو ہنی سنگھ کے ساتھ گانے ریلیز کردیے گئے۔وہاب بگٹی اور صاحبان نے پہلی بار کسی بھی بھارتی یا کسی غیر ملکی گلوکار کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔دونوں گلوکاروں نے ہنی سنگھ کے گانوں میں اپنی منفرد آواز میں گلوکاری کرکے موسیقی کے عالمی شائقین کو محظوظ کیا۔وہاب بگٹی نے ہنی سنگھ کے ساتھ ان کے گانے بیبا میں اشتراک کیا ہے، جس میں اٹلی کے ایک گلوکار نے بھی ان کا ساتھ دیا ہے۔بیبا انگریزی، ہندی، فرانسیسی اور بلوچی زبان کا مکسچر ہے، جس میں ریپنگ سمیت لوک گلوکاری کی جھلک بھی شامل ہے۔اسی طرح سندھی لوک گلوکارہ اور کوک اسٹوڈیو کے گانے آئی آئی سے شہرت حاصل کرنے والی گلوکارہ صاحبان نے ہنی سنگھ کے ساتھ ان کے گانے ریپ گاڈ میں اشتراک کیا ہے۔ریپ گاڈ بھی ہندی، پنجابی، انگریزی اور سندھی سمیت دیگر زبانوں کا مکسچر ہے اور صاحبان نے اس میں سندھی زبان میں لوک گلوکاری کی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی