i کھیل

نیوزی لینڈ سے وائٹ واش کا ذمہ دار میں خود ہوں، بھارتی کپتان کا اعترافتازترین

November 04, 2024

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے نیوزی لینڈ سے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کا ذمے دار خود کو ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ میڈیا سے گفتگو میں روہت شرما نے کہا اس سیریز میں پوری بھارتی ٹیم اجتماعی طور پر اچھا کھیل پیش نہیں کر سکی لیکن وہ بھی اپنی بہترین کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں جب کہ ہمارے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی پیش کی۔ بھارتی کپتان نے مزید کہا کہ ٹیسٹ سیریز ہارنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا۔ یہ ایسی چیز ہے جو آسانی سے ہضم نہیں ہوتی۔ ایک بار پھر، ہم نے اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی اور اس سیریز میں ہم نے بہت سی غلطیاں کیں، جس کا ہمیں اعتراف کرنا ہوگا۔روہت شرما نے سیریز میں شکست کی بڑی وجہ بیٹنگ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے بلے بازوں نے کسی بھی ٹیسٹ میچ میں بورڈ پر اتنے رنز نہیں بنائے کہ حریف کو دباو میں لے سکتے۔ ممبئی ٹیسٹ میں کم ہدف ملا جس کو حاصل کیا جا سکتا تھا لیکن بیٹرز نے انہیں دوبارہ مایوس کیا۔اپنی بیٹنگ فارم سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ بطور سینئر کھلاڑی اور کپتان اس سیریز میں بہترین کارکردگی نہ دکھا سکے اور یہ صورتحال بہت مایوس کن ہے جب کہ نوجوان بیٹرز ( رشبھ پنت، یشسوی جیسوال، اور شبمن گل) نے دکھایا کہ بیٹنگ کیسے کی جاتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی