دنیا کی سب سے زیادہ فلمیں بنانے والی بھارتی انڈسٹری ان دنوں زوال کا شکار ہے، جس وجہ سے وہاں کے سینما مالکان نے 1980 کے بعد کی مقبول ترین بلاک بسٹر فلموں کو دوبارہ ریلیز کرنا شروع کردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں رواں ماہ سلمان خان کی میں نے پیار کیا، ہم آپ کے ہیں کون شاہ رخ خان کی ویر زارا، پردیس اور چک دے انڈیا سمیت شعلے اور تیزاب جیسی مقبول ترین فلموں کو بھی دوبارہ ریلیز کیا جا رہا ہے۔سینما مالکان کے مطابق اگرچہ پرانی فلموں کی کمائی بہت زیادہ نہیں لیکن پرانی فلموں کی وجہ سے سینما بھرے رہتے ہیں اور اخراجات نکل آتے ہیں۔مالکان کے مطابق نئی فلموں کے کم بننے، فلموں کو اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر ریلیز کیے جانے اور فلموں کی بیکار کہانی کی وجہ سے نئی فلموں کو کم دیکھا جا رہا ہے۔سینما مالکان اور فلم ڈسٹری بیوٹرز کے مطابق بولی وڈ کی میگا بجٹ فلمیں بھی شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام ہو رہی ہیں، جس وجہ سے 1990 کی کلاسیکل فلموں کو دوبارہ ریلیز کیا جا رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی