i کھیل

مریم نواز کی تعریف کرنیوالے فنکاروں پر مشی خان برہمتازترین

July 05, 2024

اداکارہ و میزبان مشی خان نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے لیے تشہیری مہم چلانے والے فنکاروں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔مشی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ملک کے حالات بدترین ہوتے جا رہے ہیں، بجلی کے بھاری بلوں سے غریب عوام پریشان ہیں اور لوگ بجلی کے بل بھرنے کی خاطر سو نا ' قیمتی اشیا ء اور اپنے اعضاء تک فروخت کررہے ہیں ایسے میں ہمارے معروف فنکار اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز بھاری معاوضہ لیکر مریم نواز اور حکومتِ پاکستان کے لیے تشہیری مہم چلا رہے ہیں۔انہوں نے وزیراعلی پنجاب مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک پر آئی ایم ایف کا قرضہ ہے، آپ کو تشہیری مہم چلانے کے لیے فنکاروں کو بھاری معاوضہ دینے کے بجائے، یہ پیسہ جمع کرکے ملک کا قرضہ اتارنا چاہیے۔ ہمارے فنکار بھی پیسوں کے بھوکے ہیں جو بنا سوچے سمجھے ہر کام کے لیے فوری ہاں کردیتے ہیں۔انہوں نے پاکستانی فنکاروں سے سوال کیا کہ کیا آپ کو اپنی لگژری زندگی میں غریب عوام کی پریشانی نظر نہیں آتی؟ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے لیے تشہیری مہم چل رہی ہے اس مہم میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور معروف پاکستانی اداکارائوں نے بھی حصہ لیا جن میں عروہ حسین، صنم سعید اور صبور علی شامل ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی