i کھیل

قومی ٹیم میں سرجری ، کبھی کوئی فیصلہ غصہ میں نہیں کرتے، جلد بازی کے فیصلے اکثر نقصان دہ ہوتے ہیں،محسن نقویتازترین

July 04, 2024

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ لوگ قومی کرکٹ ٹیم میں سرجری کا پوچھ رہے ہیں، کبھی کوئی فیصلہ غصہ میں نہیں کرتے، جلد بازی کے فیصلے اکثر نقصان دہ ہوتے ہیں۔لاہور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے رپورٹ جمع کروا دی ہے، رپورٹ میں انہوں نے ورلڈ کپ میں کارکردگی سے متعلق تفصیلی بتایا ہے، گیری کرسٹن اور اظہر محمود کو بات چیت کے لیے بلا لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق کرکٹرز سے رابطے میں ہوں، کرکٹ کی بہتری کے لیے مشورے لے رہے ہیں، ان سابق کرکٹرز کے ساتھ رابطے میں ہوں جو کرکٹ کو بہتر کرنا جانتے ہیں، وہ سابق کرکٹرز معاملات دیکھیں گے جن کی روزی روٹی مختلف ٹی وی چینلز پر بولنا نہیں ہے۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا ہے کہ ایک سابق کرکٹر نے بڑی محنت سے بہتری کے لیے تفصیلی رپورٹ دی ہے، مجھے آئے ہوئے 4 مہینے ہوئے ہیں یہاں بہت کچھ ٹھیک ہونے والا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ سوشل میڈیا پوسٹس دیکھ کر فیصلے کرتا ہوں نہ کروں گا، پی سی بی سوشل میڈیا پوسٹس سے نہ چل رہا ہے اور نہ چلنے دوں گا، دن میں پی سی بی یا میرے خلاف چار چار پوسٹس کریں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ان کا کہنا ہے کہ سب سے بڑا ٹارگٹ یہ کہ قومی ٹیم کی منفی کارکردگی کو بہتر کیسے بنایا جائے، جس دن میں پریشر میں آیا بہتر سمجھوں گا کہ گھر چلا جائوں، کرکٹ اور پی سی بی کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہوں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحمل کے ساتھ چیزوں کو دیکھ رہے ہیں، پی سی بی کے اندر معاملات کو بہتر کرنا بھی ایک چیلنج ہے، پی سی بی کے اندر لوگ دکھاتے کچھ ہیں اور گرانڈ میں سچائی کچھ اور ہوتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی