قومی ہاکی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں نے پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی جانب سے پاکستان سینئر اور جونیئر ٹیموں کے لیے کی جانے والی تقرریوں پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے۔ میڈیارپورٹ کے مطابق ایک سینئر کھلاڑی نے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ غیر ملکی اسٹاف وقت کی ضرورت ہے، جدید دور کے کوچزلانا ہوں گے ، ان تقرریوں سے ہم پتھر کے دور میں چلے جائیں گے۔ سینئر کھلاڑی نے کہا کہ پرو لیگ اور ورلڈ کپ میں ہمارا سخت ٹیموں سے مقابلہ ہے لہذا اسی کے مطابق تیاری کرنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہی سوچ اور پلاننگ رہی تو معجزے کی بھی توقع نہیں کی جا سکتی۔ واضح رہے کہ پی ایچ ایف نے منظور الحسن کو پاکستان سینئر جبکہ ایاز محمود کو جونیئر ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے جبکہ سمیع اللہ کی سربراہی میں سلیکشن کمیٹی کا بھی اعلان کیا ہے۔ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑی غیر ملکی کوچ اور ٹرینر کے ساتھ پاکستان کے نوجوان اور جدید کوچز کی تقرری کے منتظر تھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی