i کھیل

کولکتہ ریپ کیس، احتجاجی مظاہروں کے دوران بھارتی اداکارہ پر حملہتازترین

August 24, 2024

بھارت کی بنگالی فلم اسٹار پائل مکھرجی پر کولکتہ ریپ کیس کے خلاف احتجاجی مظاہروں کے دوران موٹرسائیکل سوار شخص نے حملہ کردیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق 9 اگست کو کولکتہ کے آر جی میڈیکل کالج میں خاتون ڈاکٹر کے ساتھ پیش آنے والے دردناک واقعے کے بعد پورے بھارت میں شدید غم و غصہ دیکھنے کو مل رہا ہے، اس حوالے سے بھارت کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے بھی جاری ہیں۔شہری احتجاج کرتے ہوئے انصاف اور سخت حفاظتی اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں، مظاہرین کی جانب سے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ اس واقعے میں ملوث تمام افراد کو جلد از جلد سزا دی جائے۔انہی احتجاجی مظاہروں کے دوران، گزشتہ روز بنگالی اداکارہ پائل مکھرجی پر کولکتہ میں ایک موٹرسائیکل سوار شخص نے حملہ کیا، اداکارہ کے مطابق حملہ آور نے ان کی گاڑی کے پاس اپنی موٹرسائیکل روکی اور انہیں گاڑی سے باہر آنے کو کہا۔پائل مکھرجی نے کہا کہ جب میں نے اپنی حفاظت کے خوف سے باہر آنے سے انکار کیا تو حملہ آور نے میری دائیں طرف کی کھڑکی کا شیشہ توڑ دیا جس کے نتیجے میں میرا ہاتھ بھی زخمی ہوا۔اداکارہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں نم آنکھوں کے ساتھ بھارت میں خواتین کے تحفظ پر سوال اٹھایا، انہوں نے خوف زدہ ہوتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ اب ہم کہاں کھڑے ہیں، اگر شام کے وقت ایک پرہجوم گلی میں کسی عورت پر حملہ ہوسکتا ہے تو آپ خود ہی سوچیں کہ ویران جگہ پر خواتین کے ساتھ کیا کچھ نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ خاتون ڈاکٹر کے دلخراش واقعے کے بعد بھی کولکتہ میں خواتین کے لیے تحفظ نہیں ہے، میں یہ سوچ کر کانپ رہی ہوں کہ اگر یہ واقعہ کسی ویران جگہ پر ہوا ہوتا تو میرے ساتھ کیا ہوتا۔ایک اور ویڈیو میں اداکارہ نے حادثے میں ملوث موٹر سائیکل اور اپنی نقصان شدہ گاڑی بھی دکھائی۔دوسری جانب اس حوالے سے کولکتہ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ نہیں بلکہ ایک ٹریفک حادثہ تھا اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی