i کھیل

کھیلتے رہیں ۔۔ جیتتے رہیں، مریم نواز شریفتازترین

April 06, 2024

وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کھیلوں کا عالمی دن منانے کا مقصد دنیا میں امن کا فروغ ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کھیلوں کے عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ "کھیلتے رہیں ۔۔۔۔۔ جیتتے رہیں"، نوجوانوں میں ٹیم ورک، مسابقت اور برداشت پیدا کرنے کے لئے سپورٹس اہم کردار ادا کرتے ہیں، کھیل ہمیں نظم و ضبط سکھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لئے "کھیلتا پنجاب" پروگرام تشکیل دیا گیا ہے، پنجاب بھر میں گرانڈ اور جمنیزیم کی تعمیر وبحالی کیلئے شعبہ تعمیر وبحالی قائم کر رہے ہیں، نوجوانوں کیلئے 300 گراونڈ اور سپورٹس کمپلیکس بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ بڑھا کر 2 سے 4 ارب روپے کر دیا ہے، سپورٹس فیسٹیول بحال اور ہر یونین کونسل میں کھیلوں کے مقابلے اور پنجاب لیگ شروع کرینگے۔ وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ سپورٹس ایڈوائزری کونسل میں 10 یونیورسٹی کے طلبہ بھی ممبر ہوں گے، کھلاڑیوں کی ٹریننگ کیلئے انٹرنیشنل کوچ بھی لے کر آئیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی