کامن ویلتھ گیمز کے ایتھلیٹکس مقابلوں میں سو میٹر ریس میں نیا قومی ریکارڈ قائم کرنیوالی خاتون ایتھلیٹ فائقہ ریاض کیساتھ پاکستان سپورٹس بورڈ اور ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کی جانب سے امتیازی سلوک اختیار کئے جانے کا انکشاف، کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کیلئے اسپانسر شپ سے انکار کے بعد پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے اخراجات برداشت کے۔ تفصیلات کے مطابق ایتھلیٹکس فیڈریشن نے پی ایس بی حکام کیساتھ مبینہ ساز باز کرکے پاکستان کا نیا قومی ریکارڈ بنانے والی فائقہ ریاض کو کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنے کیلئے سپورٹ کرنے سے انکار کردیا تھا
جس پر صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن عارف سعید نے باصلاحیت خاتون ایتھلیٹ فائقہ ریاض کی کامن ویلتھ گیمز میں شرکت یقینی بنانے کیلئے خصوصی احکامات جاری کئے ۔ اس ضمن میں فائقہ ریاض نے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید اور سیکرثری جنرل خالد محمود کی خصوصی سپورٹ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پی او اے سپورٹ نہ کرتا تو نیا قومی ریکارڈ بنانے میں کامیاب نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل ایونٹس میں حصہ لینے کا موقع نہیں ملے گا تو وہ اپنی صلاحیتوں کے جوہر کیسے دکھاینگے۔ واضح رہے کہ فائقہ ریاض نے سو میٹر ریس میں اولمپین صدف صدیقی اور نسیم حمید کا 11.81سیکنڈ کا قومی ریکارڈ توڑتے ہوئے 11.64سیکنڈ کیساتھ اپنے نام کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی